Home Urdu News سخت محنت سے دوبارہ نمبر ون بنا، بابراعظم

سخت محنت سے دوبارہ نمبر ون بنا، بابراعظم

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 03 نومبر2021ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون پوزیشن اعزاز کی بات ہے، دوبارہ نمبر ون پوزیشن پر آنے کے پیچھے سخت محنت ہے۔

کپتان بابر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ہر دن نیا دن ہوتا ہے جو پلان ہوتا ہے اس پر عمل کرتے ہیں، اگر آپ کو کوئی پوزیشن مل جائے تو اس میں مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے،قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کوشش کرونگا کہ طویل عرصے تک نمبر ون پوزیشن پر برقرار رہے، بحیثیت کپتان بڑا فخر ہوتا ہے آپ کی ٹیم کے کھلاڑی مین آف دی میچ ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اچھی بات ہے کھلاڑی ذمہ داری لے رہے ہیں، رینکنگ میں اوپر آرہے ہیں، کھلاڑیوں کی رینکنگ میں اچھی پوزیشن سے مجھے بھی اعتماد ملتا ہے۔بابر اعظم نے کہاکہ خوشی ہوتی ہے پاکستان ٹیم اوپر آرہی ہے، کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی سے مجھے بہت اعتماد مل رہا ہے۔